انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 3 کروڑ 82 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران 7 کاروائیوں کےدوران 2 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 3 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 487.31 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
باچا خان ایئرپورٹ پر جدہ جانیوالے 2خواتین سمیت 3مسافروں کے بیگ سے 1.960 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اُدھر اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانیوالے 3 مسافروں کے بیگ میں موجود کپڑوں میں جذب 6.55 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں رنگ روڈ پشاور کے قریب ٹرک سے 410.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملتان روڈ لاہور کے قریب رکشہ سے 25.2 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو حراست میں لیا گیا جب کہ سپینی روڈ کوئٹہ میں واقع کوریئر آفس میں پارسل میں موجود فائبر باکس سے 19.2 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔
انڈس ہائی وے جامشورو کے قریب ٹرک سے 18 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے حیدرآباد کے قریب مسافر کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
تمام کاروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
