غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں ایک 10 سالہ بچہ، ایک خاتون اور حماس کے زیر انتظام پولیس فورس کے ایک سینئر افسر بھی شامل ہیں۔ یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے سے متعلق مذاکرات قاہرہ میں جاری ہیں۔
رائٹرز کے مطابق غزہ کے محکمہ صحت اور پولیس حکام نے بتایا کہ جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی فائرنگ سے 10 سالہ معتز ابو شار جان کی بازی ہار گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق بچے کو منگل کے روز گولی لگی تھی۔
دوسری جانب شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں حماس کے زیر انتظام پولیس چوکی پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک خاتون سمیت کم از کم سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جاں بحق افراد میں جبالیہ پولیس فورس کے سربراہ کرنل محمد مروان سالم بھی شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق اکتوبر سے جاری تنازع کے دوران اسرائیل نے حماس سے وابستہ سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس مراکز پر حملے تیز کر دیے ہیں، جن میں درجنوں اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھر جنوبی شہر خان یونس میں ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں 36 سالہ ایک فلسطینی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی میں حماس کے ایک جنگجو کو نشانہ بنایا گیا، تاہم رفح اور جبالیہ میں پیش آنے والے واقعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اکتوبر میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1,100 سے تجاوز کر چکی ہے۔
