خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل 10 دن میں کتنا مہنگا ہوا؟

انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے باوجود پاکستانیوں کو ریلیف نہیں دیا جارہا ۔ حکومت نے پیٹرول مزید ایک روپیہ 63 پیسے مہنگا کردیا جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے 81 پیسے فی لیٹر تک جاپہنچی ۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی ایک روپیہ 55 پیسے مہنگا ہوکر 388 روپے 38 پیسے کا ہوگیا ۔ عالمی مارکیٹ میں 10 روز کے دوران خام تیل کی قیمت میں تقریباً 5 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ۔ پاکستان میں اسی عرصے کے دوران ڈیزل 65 روپے سے زیادہ اور پیٹرول تقریباً 26 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا ۔ روزانہ قیمتوں کا تعین کرنے کی پالیسی سے اب تک عالمی منڈی اور پاکستان میں نرخوں کا کیا رجحان رہا۔

پاکستان میں یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے نیے حکومتی فارمولے کے تحت اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 65 روپے سے زائد اضافہ ہو چکا۔ ڈیزل کی قیمت 17 جولائی کو 323 روپے 30 پیسے تھی، جو بڑھ کر 388 روپے 38 پیسے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی لیٹر پیٹرول 310 روپے 71 پیسے سے بڑھ کر 335 روپے 81 پیسے کا ہو چکا۔ حکومت نے 10 روز میں عوام کو پیٹرول پر صرف 1 روپے 35 پیسے ریلیف دیا ہے۔

اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کا جائزہ لیا جائے تو 17 جولائی کو برطانوی خام تیل کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل تھی، جو 5 ڈالر کی کمی کے بعد 83 ڈالر پر آ گئی ۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت 82 ڈالر 49 سینٹ سے کم ہو کر 78 ڈالر 51 سینٹ ہو چکی۔

17 جولائی کو عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 101 ڈالر تھی، جو 20 جولائی کو 105 ڈالر، 21 جولائی کو 108 ڈالر، 22 جولائی کو 116 ڈالر، 23 جولائی کو 118 ڈالر، جبکہ 24 جولائی کو 114 ڈالر اور 27 جولائی کو 110 ڈالر رہی۔ عالمی مارکیٹ میں 17 جولائی کو ڈیزل کی قیمت 142 ڈالر تھی، جو 20 جولائی کو 143 ڈالر، 21 جولائی کو 157 ڈالر، 22 جولائی کو 162 ڈالر، 23 جولائی کو 169 ڈالر اور 27 جولائی کو 150 ڈالر 58 سینٹ ریکارڈ کی گئی۔

حکومت اس وقت پیٹرول پر 80 روپے پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمیٹ لیوی بٹور رہی ہے۔  8 روپے 64 پیسے تیل کمپنیوں کے منافع، 7 روپے 87 پیسے ڈسٹری بیوشن مارجن اور 15 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی کی مد میں وصولی جاری ہے۔ اسی طرح ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے پیٹرولیم لیوی، 8 روپے 64 پیسے تیل کمپنیوں کا منافع، 5 روپے کلائمٹ سپورٹ لیوی، 5 روپے فریٹ مارجن اور 15 روپے کسٹم ڈیوٹی عائد ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے