ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے اردن میں واقع امریکی زیرِ استعمال العزرق ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تین F-35 جنگی طیارے تباہ جبکہ تین دیگر کو شدید نقصان پہنچا۔
آئی آر جی سی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری آپریشن "نصر 2” کے بیان نمبر 55 میں کہا گیا کہ یہ کارروائی ایران کے جزیرہ قشم پر مبینہ امریکی حملے کے جواب میں کی گئی۔
بیان کے مطابق میزائل حملے میں امریکی جنگی طیاروں کے پارکنگ ریمپ اور مینٹیننس ہینگر کو نشانہ بنایا گیا، جہاں تین ایف-35 طیارے مکمل طور پر تباہ اور مزید تین کو بھاری نقصان پہنچا۔ آئی آر جی سی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حملے میں متعدد امریکی افسران، تکنیکی ماہرین اور دیکھ بھال کرنے والا عملہ ہلاک ہوا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ امریکی افواج نے اردن میں موجود اپنے اڈوں کو استعمال کرتے ہوئے جزیرہ قشم میں رہائشی علاقوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک خاندان کے افراد جاں بحق اور دو بچے زخمی ہوئے۔
