بین الاقوامی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کے ساتھ غزہ میں تعینات ہوگی، بورڈ آف پیس

بورڈ آف پیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ غزہ میں نئی انتظامی اور سکیورٹی حکمت عملی کے تحت غزہ کی قومی انتظامی کمیٹی (NCAG) کے ساتھ مرحلہ وار بین الاقوامی استحکام فورس (International Stabilization Force – ISF) اور ایک نئی فلسطینی پولیس فورس بھی غزہ میں داخل ہوگی۔

نامہ نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے بورڈ آف پیس کے اہلکار نے بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد غزہ میں امن و امان کی بحالی، داخلی سلامتی کو مستحکم کرنا اور اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا کے دوران سکیورٹی خلا کو پُر کرنا ہے۔

ایک امریکی سرکاری اہلکار نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ بورڈ آف پیس کو مختلف ممالک کی جانب سے 5 ہزار فوجیوں کی فراہمی کے وعدے موصول ہوئے ہیں۔ تاہم فی الحال مراکش، کوسوو، البانیہ اور قازقستان کے محدود نمائندے ہی حتمی تعیناتی کے لیے اسرائیل پہنچے ہیں۔

بورڈ آف پیس کے اہلکار کے مطابق تعاون کرنے والے چاروں ممالک دیگر ریاستوں سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ وہ بین الاقوامی استحکام فورس میں شمولیت اختیار کریں۔

انہوں نے بتایا کہ ISF کو نئی فلسطینی پولیس فورس کی تربیت، تخفیف اسلحہ کے عمل میں معاونت اور اسرائیلی افواج کے تدریجی انخلا کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان بفر فورس کے طور پر خدمات انجام دینے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

امریکی اہلکار نے مزید بتایا کہ نئی فلسطینی پولیس فورس کے لیے تربیتی عمل کا آغاز ہو چکا ہے، تاہم تصدیق شدہ 5 ہزار بھرتیوں کی اکثریت کو ابھی اسرائیلی انتظامات کے تحت غزہ سے باہر منتقل ہونا باقی ہے تاکہ ان کی تربیت مکمل کی جا سکے۔

بورڈ آف پیس کے عہدیدار نے یہ بھی عندیہ دیا کہ حماس کے موجودہ پولیس اہلکاروں میں سے بعض نئی فلسطینی پولیس فورس میں شامل ہو سکیں گے، جبکہ دیگر اہلکاروں کو ایسے سرکاری شعبوں میں تعینات کیا جائے گا جن کا تعلق سکیورٹی سے نہیں ہوگا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے