لاہورکے تھانہ ٹاؤن شپ میں پولیس حراست میں دوخواتین کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری مکمل کرلی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نےضابطہ فوجداری 176 کے تحت دونوں خواتین کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری مکمل کرکے رپورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوجمع کرادی۔
رپورٹ میں کہاگیا ہےکہ خواتین پر تشدد کے شواہد نہیں ملے، دونوں کو مردہ حالت میں اسپتال لایاگیا، ان کی موت کی حتمی وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم اور فارنزک رپورٹس کی روشنی میں ہوسکےگا۔
دونوں خواتین کی ٹاؤن شپ تھانے منتقلی سے کچھ دیر قبل کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں دونوں خواتین بی بلاک ٹاؤن شپ کے اُس گھر کے باہر کھڑی ہیں جہاں ان پر چوری کا الزام لگاتھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کی موبائل ویڈیو کو تفتیش کا حصہ بنا دیا ہے، فارنزک اور تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
