راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، گھروں میں 6 فٹ تک پانی داخل

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

شدید بارش کے بعد نالہ لئی اور اس سے منسلک نالوں میں پانی کی سطح ایک موقع پر 20 فٹ تک پہنچ گئی جس پر خطرے کے سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقوں ڈھوک کالا خان، ممتاز ٹاؤن، بنارس ٹاؤن اور افضل ٹاؤن میں صورتحال زیادہ خراب رہی، جہاں بارش اور نالوں کا پانی گلیوں کے ساتھ گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔

 

ممتاز ٹاؤن سمیت متاثرہ علاقوں کے درجنوں گھروں میں 6 فٹ تک پانی داخل ہونے سے گاڑیوں، فرنیچر اور الیکٹرانک سامان کو نقصان پہنچا جبکہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکالتے رہے۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی کی متعدد اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر بھی پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی رفتار انتہائی سست رہی اور مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہو گیا۔

 

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق اسلام آباد میں سب سے زیادہ بارش گولڑہ کے مقام پر 146 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ راولپنڈی میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔

صورتحال اب قابو میں ہے:

بارش کا زور ٹوٹنے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی تیزی سے کم ہونا شروع ہو گئی۔

حالیہ شدید بارش نے ایک بار پھر راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل اور سیلابی صورتحال کے خطرات کو نمایاں کر دیا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے