سبی : بلوچستان میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کے زیر اہتمام پچھلے تین ماہ کے دوران کئی میگا ایونٹس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔
ان میں 12 تا 15 دسمبر تک جھل مگسی جیپ ریلی، 14 تا 17 فروری کو بلوچستان کے تاریخی سبی میلے اور 22 فروری کو ضلع نوشکی میں بلوچستان کی سیاحت اور کھیلوں کو اُجاگر کرنے کیلئے نوشکی گولڈن ڈیزرٹ جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ان کے ساتھ 21 تا 23 فروری تک کوئٹہ شہر میں پہلی مرتبہ کوئٹہ ایٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
ان تمام تر میگا ایونٹس کی بھر پور کامیابی کے بعد اب کوئٹہ شہر میں پہلی مرتبہ 3 مئی کو انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئنشپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
انٹرنیشنل سطح کے اس ایونٹ میں 8 انٹرنیشنل مقابلے ہونگے جن میں سے بلوچستان کے فرزند محمد وسیم ( 3 مرتبہ ڈبلیو بی سی سلور ورلڈ چیمپئن) اور وینیزویلا کے وسٹن ارونو انٹرنیشنل باکسنگ آرگنائزیشن بنطم ویٹ چیمپیئنشپ کیلئے مد مقابل ہونگے۔
مزید برآں، قازقستان، برطانیہ، آسٹریلیا اور میکسیکو کے 45 بین الاقوامی باکسرز / آفیشلز اور پاکستان کے چار مرد اور چار خواتین باکسرز بھی اسی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں گے۔