بھارت میں ڈیجیٹل نگرانی مزید سخت، میسجنگ ایپس کو غیر فعال سم والے صارفین کی رسائی بند کرنے کا حکم

0

نئی دہلی: بھارتی حکومت نے ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وٹس ایپ، ٹیلیگرام، سگنل، اسنیپ چیٹ، شیئر چیٹ، جیو چیٹ اور جوش سمیت اہم میسجنگ پلیٹ فارمز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ایسے تمام صارفین کی خدمات بند کر دیں جن کی ڈیوائس سے منسلک سم کارڈ فعال نہ ہو۔ یہ حکم ٹیلی کمیونیکیشن سائبر سکیورٹی ترمیمی رولز 2025 کے تحت جاری کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پہلی بار ایپ پر مبنی کمیونیکیشن سروسز کو ٹیلی مواصلاتی قواعد کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔

محکمہ ٹیلی مواصلات کے مطابق میسجنگ ایپس کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہر صارف کی سم مستقل طور پر ایپ سے منسلک رہے۔ ویب کے ذریعے استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بھی ایک نیا قانون متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت ہر چھ گھنٹے بعد خودکار لاگ آؤٹ ہوگا اور دوبارہ رسائی کے لیے QR کوڈ کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔

ناقدین نے اس اقدام کو محفوظ اور گمنام ڈیجیٹل مواصلات کو محدود کرنے کی مزید کوشش قرار دیا ہے۔ سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق اس ضابطے سے جرائم کی روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملنے کا امکان کم ہے کیونکہ جعلی یا ادھار شدہ شناخت پر سم کارڈ حاصل کرنا اب بھی ممکن ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے اصول ریاستی نگرانی میں اضافہ کر سکتے ہیں، صارفین کی رازداری متاثر ہوگی اور ڈیجیٹل مواصلات پر حکومتی کنٹرول مزید سخت ہو جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پالیسی بھارت کی اُس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ دکھائی دیتی ہے جس کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اختلاف رائے پر قدغن لگانے کے لیے طویل عرصے سے مواصلاتی پابندیوں کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، اور اب محفوظ چینلز، آن لائن سرگرمیوں اور معلوماتی بہاؤ پر مزید کنٹرول بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.