واشنگٹن – امریکی سینیٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ پر کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی قرارداد مسترد کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹرز کی اکثریت نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کی حمایت کی۔ 100 رکنی سینیٹ میں یہ قرارداد 47 کے مقابلے میں 52 ووٹوں سے مسترد ہوئی۔
یہ قرارداد ڈیموکریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی کے بعض سینیٹرز کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایران پر فضائی حملے فوری طور پر روکے جائیں اور کسی بھی فوجی کارروائی سے قبل کانگریس سے باضابطہ منظوری حاصل کی جائے۔
ایوان میں عددی برتری کے باعث ٹرمپ کی جماعت کو فائدہ حاصل رہا۔ امریکی سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کے 53 ارکان ہیں جبکہ حزب اختلاف ڈیموکریٹک پارٹی کے 45 سینیٹرز موجود ہیں، اس کے علاوہ دو آزاد ارکان بھی ڈیموکریٹس کی حمایت کرتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق قرارداد کی ناکامی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی جاری رکھنے کے لیے سیاسی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔
