سری لنکا کے دو انڈر 19 کرکٹرز کو ہوٹل کے باتھ روم میں مبینہ طور پر ویڈیو بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں کھلاڑی ٹیم کے ساتھ کولمبو کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے، جہاں ایک خاتون نے الزام عائد کیا کہ ان کے باتھ روم میں موبائل فون کے ذریعے خفیہ ویڈیو بنائی گئی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئیں یا نہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں کرکٹرز کو ہفتے کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں 5 لاکھ سری لنکن روپے کے مچلکوں کے عوض ذاتی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ ملزمان کو 25 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا کرکٹ نے تاحال اس معاملے پر کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی۔
قانونی ماہرین کے مطابق اگر الزامات ثابت ہو گئے تو یہ کیس نہ صرف فوجداری جرم بلکہ پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آئے گا، جس کے سخت قانونی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
