پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں پھنسے ہوئے بھارتی جہاز کی امداد کے لیے فوری ایکشن لیا ، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عملے کو بروقت خوراک، طبی امداد اور تکنیکی مدد فراہم کی گئی ۔تکنیکی خرابی کا شکار ہونے والے بھارتی جہاز ایم وی گوتم کے عملے میں 6 بھارتی اور ایک انڈونیشین شہری شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے بین الاقوامی بحری ذمہ داریوں کے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان سے بھارت جانے والے آف شور جہاز کی مدد کی اپیل پر فوری ردعمل دیا۔ ممبئی کے میری ٹائم ریسکیو سینٹر سے الرٹ ملنے پر پاکستان نیوی نے اپنے جہاز "پی ایم ایس اے کشمیر” کو امداد کے لیے روانہ کیا۔
بھارتی جہاز کے عملے کے سات ارکان سمندر میں شدید تکنیکی خرابی کے باعث پھنس چکے تھے، جنہیں پاکستانی بحریہ نے ضروری سامان اور طبی سہولیات فراہم کیں ۔ یہ آپریشن قومیت سے بالاتر ہو کر علاقائی پانیوں میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی تیاری اور عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
