آزادکشمیرکی صورتحال پریشان کن ہے، امید پیدا ہوئی ہے بات چیت کی جاسکتی ہے: حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آزادکشمیرکی صورتحال پریشان کن ہے، ایک امید پیدا ہوئی ہےکہ بات چیت کی جاسکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد کے ساتھ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے آئے ہیں، آزادکشمیرکی صورتحال پریشان کن ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ایک امید پیدا ہوئی ہےکہ بات چیت کی جاسکتی ہے، ہمیں حکومت کی طرف سے انتظار ہے، حکومت آگے آئے اوربات چیت شروع کرے، تمام اسٹیک ہولڈرز ان لوگوں کوغنیمت سمجھیں جو بات چیت کرسکتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ایسی چیز پر تو کوئی بات نہیں کرے گا جو آئین پاکستان کے خلاف ہو۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کی گفتگو ہم سب کی آواز ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک وفد خط لے کر آیا اور ثالثی کی پیشکش کی، میں نے کہا لانگ مارچ کو موخر کیا جائے، انہوں نے لانگ مارچ مؤخر کیا اور مزید کوئی قدم نہیں اٹھایا، ہم دونوں طرف سے جواب کے انتظار میں ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی ساری قیادت صورتحال پر پریشان ہے، حکومت کہتی ہے ان کے مطالبات مانے بھی اور معاہدے بھی کیے، پھر حکومت نے ان کو کالعدم بھی قرار دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں صرف قوت کی بنیاد پر فیصلوں سے گریز کرنا چاہیے اور عقلمندی کی بنیاد پر فیصلوں کی طرف جانا چاہیے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے