چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اس اہم دورے کے دوران ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں بالخصوص دفاع، سلامتی اور عسکری تعاون میں قریبی روابط رکھتے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔
