ملک میں صرف دو ہفتوں کا پیٹرول ذخیرہ باقی، آئل کمپنیوں کا حکومت کو ہنگامی مراسلہ

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو ہنگامی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں صرف 15 روز کا پیٹرول ذخیرہ باقی رہ گیا ہے اور فوری حکومتی مداخلت نہ کی گئی تو پیٹرول کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔

مراسلے کے مطابق اس وقت ملک میں 3 لاکھ 70 ہزار ٹن پیٹرول کا ذخیرہ موجود ہے، جبکہ کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کے باعث پیٹرول کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

او سی اے سی نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو اپ کنٹری علاقوں میں پیٹرول کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درآمدی کارگو کی منظوری نہ ملنے سے بھی سپلائی پر مزید دباؤ بڑھ گیا ۔

آئل کمپنیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 66 ارب 70 کروڑ روپے کے زیر التوا پی ڈی سی کلیمز فوری ادا کیے جائیں، کیونکہ رننگ کیپیٹل میں کمی کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیاں شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر بڑھتے ہوئے اخراجات نے صنعت کی ورکنگ کیپیٹل ضروریات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ وی بوک نظام کے ذریعے درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی کسٹمز کلیئرنس میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے