بیلاروس کے چیف آف جنرل اسٹاف میجرجنرل موراویکونکولائیوچ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، تکنیکی اشتراک اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مشترکہ تربیتی مشقوں، دفاعی صنعتی شراکت داری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو باہمی تعاون کا کلیدی ستون قرار دیا۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے اور دفاعی شعبے میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بیلاروس کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل مورا ویکو پاویل نکولائیوچ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور خود انحصاری کے سفر کی تعریف کی۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ دفاعی اور تکنیکی تعاون کو مزید وسیع کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین اسٹریٹجک تعلقات کو مستحکم کرنے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔
