عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے باوجود جیل سے رہائی نہیں ہو گی

0

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد تاحال رہائی کا امکان نہیں۔

اپنے فیصلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا اور کہا کہ ٹرائل کے دوران اگر عدالت سے تعاون نہ کیا تو ضمانت کا حکام واپس ہو سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی گزشتہ سال 5 اگست کو توشہ خانہ ون کیس میں گرفتاری کیے جانے کے بعد سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کیا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے لغاری جیولری سیٹس سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا، عدالت نے استفسار کیا کہ انہوں نے جیولری سیٹ کا تخمینہ کیسے لگایا ہے؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ یہ تو عدالت میں استغاثہ بتائے گی۔

انہوں نے کہا پولیس نے بھی توشہ خانہ جعلی رسید کا کیس بنایا ہوا ہے، تھانہ کوہسار نے رسید سے متعلق مقدمہ درج کر رکھا ہے ، جج افضل مجوکہ صاحب کی عدالت سے بشری بی بی عبوری ضمانت پر ہے، ہمیں امید ہے جج افضل مجوکہ صاحب جلد اسکا فیصلہ سنا دیں گے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے پی ٹی آئی حکومت کی توشہ تفصیلات خفیہ رکھنے کی پالیسی پر اہم ریمارکس دیے اور کہا کہ پچھلی حکومت توشہ خانہ کی تفصیلات نہیں بتاتی تھی، ہم پوچھتے تھے تو توشہ خانہ کی تفصیلات چھپائی جاتی تھیں، ہائی کورٹ میں گزشتہ حکومت آرہی تھی کہ توشہ خانہ کا کسی کو پتا نہیں ہونا چاہیے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ ایک گراؤنڈ یہ بھی ہے اس کیس کو رجسٹر کرنے میں ساڑھے 3 سال کی تاخیر ہے ، اس مقدمے کا اندراج ساڑھے تین برس سے زائد تاخیر سے کیا گیا، کوئی جرم نہیں ہوا، جس کیس میں جرم واضح نہ ہو تو کیس مزید انکوائری اور ضمانت کا ہے، توشہ خانہ پالیسی کے مطابق تحائف لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اس وقت ان تحائف کی جو مالیت تھی پالیسی کے مطابق ادا کرکے لیا ہے، توشہ خانہ پالیسی 2018 کی سیکشن ٹو کے تحت میں نے تحائف لیے، جو قیمت کسٹم اور اپریزر نے لگائی میں نے وہ قیمت دیکر تحفہ رکھ لیا، آج انہوں نے ساڑھے تین سال بعد بیان بدلا ہے ، قیمت کا تعین کرنے والا کہہ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دھمکی آئی، صہیب عباسی بیان دیتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی میرے پاس نہیں آئے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ صہیب عباسی کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے انعام اللہ شاہ کے ذریعے تھریٹ کیا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کہ کیا کسٹم کے تینوں اپریزرز نے بھی کسی دھمکی کا ذکر کیا؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے جواب دیا کہ نہیں، وہ تینوں افسران کہتے ہیں کہ اُن کو کسی نے اپروچ نہیں کیا، اگر کسی نے اپروچ نہیں کیا تو اُن تینوں نے اپنا کام کیوں نہیں کیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایف آئی اے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے گواہوں کے بیانات پڑھے ہیں ؟ تفتیشی افسر ایف آئی اے نے جواب دیا کہ 18 ستمبر کو گواہوں کو نوٹس کیا تھا ، گواہ آئے تھے انہوں نے پہلے سے نیب کو دئیے بیانات کی تصدیق کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے خود گواہوں کے بیانات پڑھے ہیں ؟ ایف آئی اے تفتیشی افسر نے کہا کہ جی 19 ستمبر کو میں نے پڑھے تھے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے کہا کہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کرایا گیا، ریاست کے تحفے کی کم قیمت لگوا کر ریاست کو نقصان پہنچایا گیا، بانی پی ٹی آئی اور اُن کی بیوی دونوں نے فائدہ اٹھایا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسے فائدہ ہوا؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ جب بیوی کو فائدہ ملا تو شوہر کا بھی فائدہ ہوا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ او پلیز، میری بیوی کی چیزیں میری نہیں ہیں، ہم پتا نہیں کس دنیا میں ہیں۔

اس دوران عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ڈویژن بینچ کی سماعت کے بعد کیس رکھ لیتے ہیں۔

وفقے کے بعد دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمانت کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا اور کہا کہ ٹرائل کے دوران اگر عدالت سے تعاون نہ کیا تو ضمانت کا آرڈر واپس ہو سکتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.