Close Menu
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم

Subscribe to Updates

Get the latest creative news from FooBar about art, design and business.

What's Hot

گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی قومی اتحادی حکومت کی پیشکش مسترد کر دی

نومبر 15, 2026

آئی سی سی نے 2035 تک عالمی کرکٹ ایونٹس کا شیڈول منظور کر لیا

نومبر 15, 2026

ایرانی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیموں کا دورۂ پاکستان متوقع

نومبر 15, 2026
Facebook X (Twitter) Instagram
اتوار, نومبر 15
Facebook X (Twitter) Instagram
English
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم
Home»پاکستان»ڈگریوں کا ڈھیر، ہنر کا قحط
پاکستان

ڈگریوں کا ڈھیر، ہنر کا قحط

EditorBy Editorنومبر 15, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
Facebook Twitter Pinterest LinkedIn WhatsApp Reddit Tumblr Email
Share
Facebook Twitter LinkedIn Pinterest Email

عرفان مصطفی

میں ان تمام لوگوں سے صاف صاف بات کرنا چاہتا ہوں جنکی زندگی بالواسطہ یا بلاواسطہ پاکستانی تعلیم سے جڑی ہے۔ وہ پالیسی ساز جو اسکی سمت طے کرتے ہیں، وہ ماہرینِ تعلیم، پرنسپل اور اساتذہ جو اسکی درس گاہیں چلاتے ہیں، ان اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے مالکان جو آج لاکھوں طلبہ کو تعلیم دے رہے ہیںاور وہ والدین جو اپنے بچے ان سب کے سپرد کرتے ہیں۔ سب سے پہلے میرا آپ سے ایک سوال ہے: کیا آپ پاکستان کے موجودہ نظامِ تعلیم سے مطمئن ہیں؟آغاز سب سے بنیادی سوال سے کیجیے:کیا ہمارے بچے اسکول میں ہیں بھی، اور کیا وہ کچھ سیکھ رہے ہیں؟ شرحِ خواندگی بڑھکر 63فیصد ہو گئی ہے، مگر خواتین میں یہ 54فیصد ہے جبکہ مردوں میں 73فیصد، اور دیہی علاقوں میں 55فیصد جبکہ شہروں میں 74فیصد۔ اسکول سے باہر بچوں کی شرح 2023ء میں 38فیصد سے کم ہو کر 2025 ء میں 28فیصد رہ گئی، اور بلوچستان میں 69 فیصد سے گھٹ کر 45فیصد پر آ گئی۔ یہ ایسی پیشرفت ہے جس کا ہمیں خیر مقدم کرنا چاہئے۔ اسکے باوجود پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کے اندازے کے مطابق تقریباً ڈھائی کروڑ بچے اب بھی اسکول سے باہر ہیں۔ جو بچے اسکول میں ہیں، انکی تصویر اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہے۔ ASER (اثر) 2025ء کے مطابق پانچویں جماعت تک پہنچ کر ہمارے صرف نصف کے قریب بچے دوسری جماعت کا متن پڑھ پاتے ہیں، اور نصف سے بھی کم بچے سادہ تقسیم کر سکتے ہیں۔ عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ دس سال کی عمر کے ہر چار میں سے تین بچے ایک سادہ کہانی سمجھ کر نہیں پڑھ سکتے۔ اگر کوئی والدین کسی ایسی خدمت کی قیمت ادا کریں جو آدھی بار ناکام رہے، تو کیا وہ اسے تسلی بخش کہیں گے؟ پھر ہم اپنے بچوں کے معاملے میں اسے کیوں قبول کر لیتے ہیں؟ تعجب کی بات نہیں کہ تعلیم بڑھنے کیساتھ بے روزگاری بھی بڑھتی ہے۔ لیبر فورس سروے 2024-25کے مطابق بالکل تعلیم نہ رکھنے والوں میں بے روزگاری کی شرح 4.7فیصد، انٹرمیڈیٹ پاس افراد میں 12.6فیصد اور گریجویٹس میں تقریباً 11فیصد ہے؛ جبکہ اعلیٰ ڈگری رکھنے والی خواتین میں یہ شرح 24فیصد کے قریب ہے۔ ہم ایسے گریجویٹ پیدا کر رہے ہیں جنکی معیشت کو ضرورت نہیں، اور وہ ہنر پیدا نہیں کر رہے جنکی اسے ضرورت ہے:طب، مالیات، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے ماہرین، اور اپنی کہیں بڑی محنت کش (بلیو کالر) افرادی قوت کیلئے بین الاقوامی سطح پر سند یافتہ الیکٹریشن، ویلڈر، مشینسٹ اور ٹیکنیشن۔ کیا محض اسناد تیار کرنے کیلئے بنایا گیا نظام الگورتھم کے دور کیلئے تیار ہے؟ اقتصادی جائزہ پاکستان 2025-26ء کے مطابق شرحِ نمو 3.7فیصد رہی جو چار برس میں سب سے زیادہ ہے، پرائمری سرپلس ریکارڈ سطح پر رہا اور زرِمبادلہ کے ذخائر کئی برسوں کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ حالات بہتر ہوئے ہیں اور یہ خوش آئند ہے۔ مگر حجم پر نظر ڈالئے۔ نو ماہ میں جی ڈی پی کے 3.2 فیصد کے برابر پرائمری سرپلس جزوی طور پر ترقیاتی اور عوامی فلاح کے اخراجات، بشمول تعلیم، میں کٹوتی سے حاصل ہوا۔ اسٹیٹ بینک کے تقریباً 21.5 ارب ڈالر کے ذخائر صرف تین ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں جبکہ ملائیشیا، جس کی آبادی ہمارا ساتواں حصہ ہے، 132ارب ڈالر کے ذخائر رکھتا ہے۔ ہماری تقریباً 30ارب ڈالر کی برآمدات گزشتہ برس کم ہوئیں، اور ہماری پوری معیشت ملائیشیا کی معیشت سے چھوٹی ہے۔ معاشی استحکام نے بہتا خون تو روک دیا ہے، مگر جسم میں توانائی پیدا نہیں کی۔کم قدر والی برآمدات اور ترسیلاتِ زر سے آگے بڑھ کر پائیدار ترقی کیلئے ایک ماہر، پیداواری اور مسابقتی افرادی قوت درکار ہے۔ صنعت کو ٹیکنیشن نہیں ملتے جبکہ گریجویٹ بے کار بیٹھے ہیں، اور تحقیق شاذ و نادر ہی کسی کارخانے یا کھیت تک پہنچتی ہے۔ 2025ء میں روزگار کیلئے بیرونِ ملک جانیوالے تقریباً 7 لاکھ 62 ہزار پاکستانیوں میں سے لگ بھگ 61فیصد غیر ہنرمند کے طور پر رجسٹرڈ تھے۔ عالمی بینک کی تحقیق کے مطابق تعلیم کا ہر اضافی سال آمدنی میں تقریباً 9فیصد اضافہ کرتا ہے اور سب سے زیادہ فائدہ یونیورسٹی کی سطح پر ہوتا ہے۔ چین نے اعلیٰ تعلیم میں داخلے کی شرح 1990ء کے چند فیصد سے بڑھا کر آج 60 فیصد سے زائد کر لی ہے، جبکہ ہماری شرح 13فیصد کے آس پاس ہے۔ استحکام منزل نہیں، محض پہلی سیڑھی ہے۔ اگر ہمارا نظامِ تعلیم یوں ہی رہا تو کیا ہم دیانت داری سے یہ توقع رکھ سکتے ہیں کہ اس معیشت کا رخ موڑ کر پاکستان میں دیرپا خوشحالی لے آئینگے؟ لیکن ایک اس سے بھی گہرا سوال ہے، جسکا جواب صرف پیسہ نہیں دے سکتا۔ ہماری اپنی روایت میں تعلیم کبھی محض معلومات کی منتقلی نہیں رہی۔ یہ ہمیشہ تربیت کیساتھ رہی ہے، یعنی کردار، طرزِ عمل اور فہم و فراست کی تشکیل۔ کیا ہمارے اسکول اور گھر اب بھی یہ فریضہ انجام دے رہے ہیں؟ کیا ہم پوری شخصیت کی نشوونما کرتے ہیں: تنقیدی سوچ، کردار، جذباتی ذہانت، ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی، کاروباری صلاحیت اور ذہنی و جسمانی بہبود؟ یا والدین نمبروں کے پیچھے بھاگتے ہیں، اسکول نتائج کے پیچھے، اور جو اشرافیہ سرکاری اسکولوں کو ٹھیک کر سکتی تھی وہ انہیں چھوڑ کر الگ ہو جاتی ہے؟ ’’تسکین‘‘ کی مشترکہ بنیاد رکھنے کے تجربے نے مجھے سکھایا کہ بچے کی جذباتی صحت ہی سیکھنے کی بنیاد ہے۔ اور جب شہریوں کو دلیل کے بجائے اطاعت سکھائی جائے تو طرزِ حکمرانی کا کیا حال ہوتا ہے؟ میں کوئی نسخہ پیش نہیں کروں گا۔ ہمیں پہلے ہی معلوم ہے کہ کیا کرنا ہے۔ یہ دہائیوں سے پالیسی دستاویزات، کمیشن رپورٹوں اور کالموں میں لکھا جا چکا ہے۔ کمی علم کی نہیں، عزم کی رہی ہے۔ تو آئیے اسے سنجیدگی سے لیں، ہم میں سے ہر ایک اپنی اپنی جگہ پر، خواہ پالیسی ساز ہو، استاد، پرنسپل، ادارے کا مالک یا والدین مل کر اسے آگے بڑھائیں۔ پاکستان کو اب فیصلہ کرنا ہوگا۔ اپنے لوگوں میں محض اسناد بانٹنا بند کیجئے۔ انہیں حقیقی تعلیم دینا شروع کیجئے۔

Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Telegram Email
Editor

    Related Posts

    معروف گلوکارہ شازیہ خشک نےموسیقی کی دنیا کو خیرباد کہہ کر اسلامی زندگی اختیار کرلی۔جنید جمشید کی زندگی نے میری سوچ کا دھارابدل دیا۔ شازیہ خشک

    نومبر 15, 2026

    میجرعمرناصرشہیداور حوالدارعدنان شہید کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت

    نومبر 15, 2026

    وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال کے پیش نظر گورنر کو مزید اختیارات دینے کا فیصلہ کر لیا

    نومبر 15, 2026

    Comments are closed.

    Latest Posts

    سردار کھوسہ کا رقصِ بسمل

    نومبر 15, 2026

    ڈگریوں کا ڈھیر، ہنر کا قحط

    نومبر 15, 2026

    نئے صوبے کون بنائے گا

    نومبر 14, 2026

    پیٹرول، عوام اور جماعت اسلامی

    نومبر 14, 2026

    امریکی انتخابات اور ڈیموکریٹس کی ذمہ داریاں

    نومبر 13, 2026

    جب چلتے نہیں تو سکے بنانے کا فائدہ کیا؟

    نومبر 12, 2026
    Facebook X (Twitter) Pinterest Vimeo WhatsApp TikTok Instagram
    All Right Reserved © Vision Point PK 2026 . Managed by Vision Point

    Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.