ثروت جمال اصمعی
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہر روز ہوتا اضافہ چند روز پہلے تک عام پاکستانی کی زندگی کو مسلسل مزید مشکل بناتا چلا جارہا تھا اور تیل کے عالمی بحران کے سبب اس صورتحال سے نجات کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا تھا لیکن جماعت اسلامی کی انتھک مہم مثبت تبدیلی کا سبب بن گئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں ہر پندرھواڑے ردوبدل کے طریقے کو ختم کرکے ہر روز قیمتوں کے تعین کا فیصلہ صارفین کیلئے کسی سہولت کا باعث نہیں بنا تھا ۔ اس فیصلے کی معقولیت ناقابل فہم تھی کیونکہ ملکی ضروریات کیلئے تیل روز درآمد نہیں کیا جاتا بلکہ ہفتوں کی ضرورت کا تیل بیک وقت خریدا جاتا ہے اس لیے سستا خریدا گیا تیل روز بڑھتی قیمتوں پر فروخت کرکے بے تحاشا منافع کمانے کی راہ کھل گئی تھی۔تیل کی مقامی پیداوار کی قیمت بھی عالمی منڈی کے نرخوں کے برابر مقرر کی جاتی ہے لہٰذا اس پر بھی غیر معمولی منافع کمایا جارہا تھا ۔ ایران امریکہ جنگ سے پہلے پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل بالترتیب تقریباً 276 اور 287 روپے فی لیٹر دستیاب تھے لیکن ترسیل میں دشواریوں کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں نرخ بڑھے تو پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ 400 روپے فی لیٹر سے اوپر پہنچ گئے ۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں درج چار آئل ریفائنریز میں سے تین نے اکتوبر کے آخری عشرے میںاپنے جوسہ ماہی مالی نتائج جاری کیے ان کے مطابق اٹک ریفائنری نے گزشتہ سال جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں 1.45 ارب روپے خالص منافع کمایا تھاجبکہ رواں سال اسی عرصے میں اس کا خالص منافع بڑھ کر 18.65 ارب روپے ہو گیا، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً 1184 فیصد زیادہ ہے۔نیشنل ریفائنری کا خالص منافع گزشتہ سال جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں 1.03 ارب روپے تھا، جو رواں سال اسی مدت میں بڑھ کر 11.57 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ یوں کمپنی کے منافع میں تقریباً 1029 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کا خالص منافع گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں 1.02 ارب روپے تھا، جو رواں سال بڑھ کر 13.97 ارب روپے ہو گیا، یعنی ایک سال کے دوران منافع میں تقریباً 1274 فیصد اضافہ ہوا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی یہ مہنگائی ملک بھر میں تمام اشیائے صرف کے نرخوں میں ہولناک رفتار سے اضافے کا سبب بن کر عام آدمی کی زندگی کو عذاب بنارہی تھی لیکن ارباب اختیار نے عالمی حالات کو جواز بنا کر بے بسی کے اظہار کا آسان راستہ اپنا رکھا تھا۔ اپنے مفادات کی خاطر حکمرانوں سے مسلسل برسرجنگ رہنے والی بڑی سیاسی جماعتیں عوامی مشکلات کے ازالے کیلئے انگلی تک ہلانے کی زحمت کرنے کو تیار نہ تھیں۔ان حالات میں ایک ہی دینی سیاسی پارٹی میدان میں آئی اور اس کی فعال و پرُعزم قیادت اور جذبہ خدمت سے سرشار کارکنوں نے وہ کردکھایا جو کسی وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں اس لوٹ کھسوٹ کے خلاف متبادل تجاویز کے ساتھ کئی ہفتوں پر محیط پرُزور احتجاجی تحریک چلائی، ریلیاں نکالیں، دھرنے دیے، لانگ مارچ کیا اور اس کے نتیجے میں بالآخر وزیر اعظم نے بیرون ملک سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو فون کرکے یقین دہانی کرائی کہ وہ وطن واپسی کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیلئے جماعت کی تجاویز کی روشنی میں بات چیت کریں گے۔ اس ملاقات کے بعد حکومت اور جماعت کی مذاکراتی ٹیموں کے کئی اجلاس ہوئے اور پٹرولیم مصنوعات کے عالمی نرخوں میں کسی نمایاں کمی کے نہ ہونے کے باوجودجماعت کی تجاویز کے مطابق ملک میں مقامی قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں چار سو روپے فی لیٹر سے کم ہوکر نرخ کم و بیش ساڑھے تین سو روپے فی لیٹر تک آگئے اور ابھی مزید کمی متوقع ہے۔ جماعت کی تجاویز میں تیل کی مقامی پیداوار کے نرخ عالمی منڈی کے بجائے مقامی لاگت کی بنیاد پر طے کرنا،آئل ریفائنریز کے منافع کو جائز حدود میں رکھنا،باقی ماندہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی ، غیر ضروری سرکاری اخراجات کا خاتمہ، شرح سود میں کمی اور ایف بی آر میں اصلاحات کی تجاویز شامل ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی کے مستقل سبب یعنی بھاری لیوی کا خاتمہ یا اسے صرف بڑی لگژری گاڑیوں تک محدود رکھنا جماعت کی مہم کا بنیادی جزو ہے اور توقع ہے کہ اس بارے میں نائب امیر جماعت لیاقت بلوچ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے۔
عوامی مسائل کے حل کی مسلسل ، پرخلوص اور انتھک جدوجہد جماعت اسلامی کو دوسری سیاسی جماعتوں سے جس قدر ممتاز کرتی ہے ، کوئی انصاف پسند شخص اس سے انکار نہیں کرسکتا۔ جماعت کے اس کردار کی وجہ یہ ہے کہ یہ حقیقی معنوں میں عوامی و جمہوری، ذات برادری اور مسلکی اختلافات سے بالاتر دینی اقدار کی حامل انتہائی منظم جماعت ہے ۔اس کی ہر سطح کی قیادت اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے جو موروثیت ، کرپشن اور مفاد پرستی سے قطعی پاک ہے اور عام لوگوں کی سطح پر ہی زندگی بسر کرتی ہے۔ ملک بھر میںجماعت کے پاس دیانت دار ، مخلص اور تربیت یافتہ کارکن موجود ہیں جو قیادت کی ہدایات کے مطابق صلے کی ہر تمنا اور ستائش کی ہر پروا سے بلند ہوکر ملک و قوم کی بھلائی کیلئے سرگرم عمل رہتے ہیں۔جماعت کی ذیلی تنظیم الخدمت ملک کے اندر اور باہر انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف ہے۔ بنو قابل جیسا پروگرام شروع کرکے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ بنایا جارہا ہے۔ملک و قوم کے مسائل کے حل کیلئے جماعت عام سیاسی پارٹیوں کی طرح پہلے اقتدار کی طالب نہیں جبکہ ہمارے ہاں اقتدار کا مقصد عام طور پر عوام کی خدمت نہیں بلکہ ذاتی، خاندانی اور گروہی مفادات کا حصول ہوتا ہے۔ ان حقائق نے جماعت اور دوسری سیاسی پارٹیوں کا باہمی فرق بخوبی واضح کردیا ہے جس کی روشنی میں جماعت ہر اعتبار سے بہتر متبادل نظر آتی ہے۔

