نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی ’رامائن: رائز آف اے لیجنڈ‘ میں بالی وڈ کے چند بڑے ستارے، ہالی وڈ کی ویژول ایفیکٹس مہارت اور آسکر ایوارڈ یافتہ دو موسیقاروں کو یکجا کیا گیا ہے تاکہ ملک کی تاریخ کی سب سے اہم اور قدیم داستانوں میں سے ایک کو عالمی ناظرین تک پہنچایا جا سکے۔
واضح رہے کہ انڈیا کی سب سے مہنگی فلم رامائن جو دو حصوں میں بنائی گئی ہے اور جس پر مبینہ طور پر 500 ملین ڈالر (370 ملین پاؤنڈ) لاگت آئی ہے، دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔
فلم کے پروڈیوسر نامت ملہوترا ویژول ایفیکٹس کمپنی DNEG کے سربراہ ہیں، جنھوں نے Dune اور Interstellar سمیت ہالی وڈ کی بڑی فلموں پر کام کیا ہے۔
موسیقی آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان، جنھوں نے Slumdog Millionaire کے لیے موسیقی ترتیب دی، اور ہانس زیمر کے درمیان اشتراک کا نتیجہ ہے، جن کی Gladiator، The Dark Knight اور Dune کے لیے تخلیق کردہ دھنوں نے جدید ہالی وڈ کے صوتی انداز کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ہندو مت کی بنیادی رزمیہ داستانوں میں سے ایک ’رامائن‘ صدیوں اور براعظموں کا سفر طے کر چکی ہے، اور شاعری، مندروں کے مجسمہ سازی کے فن، پتلی تماشوں، لوک تھیٹر اور نسل در نسل منتقل ہونے والی کہانیوں کی صورت میں اظہار پاتی رہی ہے۔
یہ سلطنتوں اور حکومتوں کے ختم ہو جانے کے بعد بھی زندہ رہی، مذہبی عقیدت اور سیاسی تحریکوں کو متاثر کرتی رہی، اور بار بار ٹی وی اور سنیما میں نئی زندگی حاصل کرتی رہی۔
تیواری کا ورژن محبت، فرض، جلاوطنی اور جنگ کی اسی معروف کہانی کی طرف واپس آتا ہے، جو دیوتاؤں، آسمانی ہتھیاروں اور طاقتور سلطنتوں کی دنیا میں وقوع پذیر ہوتی ہے۔
اس فلم میں رنبیر کپور ایودھیا کے نیک شہزادے بھگوان رام کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اپنی سلطنت سے 14 برس کے لیے جلا وطن کیے جانے کے بعد وہ اپنی اہلیہ سیتا (جن کا کردار سائی پلوی نے ادا کیا ہے) کے ساتھ جنگل چلے جاتے ہیں، جنھیں بعد میں لنکا کا دس سروں والا بادشاہ راون اغوا کر لیتا ہے۔
جنوبی انڈیا کے بڑے ستاروں میں شمار ہونے والے یش راون کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ راون ایک طاقتور جنگجو ہے جس کا غرور اسے رام کے ساتھ ایک عظیم جنگ میں لے جاتا ہے، جسے اگلے سال ریلیز ہونے والے دوسرے حصے میں دکھایا جائے گا۔

