کراچی میں لیاری ٹاؤن کے علاقے بغدادی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہونے اور ملبے تلے دب کر جاں بحق افراد کی تعداد 11 پر پہنچ گئی۔۔
جمعہ کی صبح 5 منزلہ عمارت گرگئی جو مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 11 افراد کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کو ملبے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم موبائل سگنل بند ہونے سے ریسکیو سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لیاری میں عمارت گرنے کے مقام کا دورہ کیا، میئر کراچی نے کہا کہ عمارت کو خالی کرنے کیلئے گذشتہ تین سال سے نوٹسز جاری کئے جا رہے تھے۔ عمارت میں 20 خاندان آباد تھے۔۔ ایک ہفتہ پہلے 15 خاندانوں نے عمارت چھوڑ کر دوسری جگہ رہائش اختیار کر لی تھی۔
5 خاندانوں کے 25 سے 30 افراد رہائش پذیر تھے جن میں سے 11 افراد جاں بحق ہو چکےہیں۔ ابھی عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔