مظفر آباد : ایس سی او نے آزاد کشمیر میں معذور افراد کے لیے پہلے فری لانسنگ ہب کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن کا یہ اقدام نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر کی طرف قدم ہے۔
فری لانسنگ ہب معذور نوجوانوں کی تربیت اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے نوبل فاؤنڈیشن مظفرآباد میں فری لانسنگ ہب کا افتتاح کیا۔ سول و فوجی افسران اور معذور طلبہ کے والدین بھی موجود تھے۔
ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ کا کہنا تھا کہ معذور افراد کو قدرت نے مختلف صلاحیتوں سے نوازا رکھا ہے، ان کی خدمت ہمارے لیے اعزاز ہے۔ فری لانسنگ ہب میں جدید ترین کمپیوٹر، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ اور 24 گھنٹے پاور بیک اپ کی سہولت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فری لانسنگ ہب میں معذور افراد کی تربیت کے لیئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ ہب آئی ٹی کی دنیا میں معذور افراد کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ اب معذور افراد دنیا بھر میں اپنی صلاحیتیں منوانے کے اہل ہیں۔
ڈی جی ایس سی او نے آزاد کشمیر میں آئی ٹی کا انقلاب لانے کے عزم ظاہر کیا۔ ڈی جی ایس سی او نے نوبل فاؤنڈیشن کو معذور افراد کے لیے ایک ماڈل ادارے میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
نوبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین احسان گیلانی نے آئی ٹی کی پروموشن پر ایس سی او کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد ادارہ ہے جس نے 16 ماہ کے مختصر اور قلیل عرصہ میں 60 سے زائد سافٹ وئر ٹیکنالوجی پارکس اور فری لانسنگ ہب قائم کیے۔
چیئرمین نوبل فاؤنڈیشن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام معذور افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا باعث بن رہا ہے۔ معذور طلب علموں کے والدین نے ایس سی او کی جانب سے طلبہ کو بین الاقوامی سطح تک رسائی دینے پر ایس سی او کا شکریہ ادا کیا۔