امریکا نے سعودی عرب کے لیے 142 ارب ڈالر کے دفاعی پیکیج کی منظوری دے دی، ایف-35 طیارے اور 300 ٹینک فراہم کیے جائیں گے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے لیے ایک بڑے دفاعی پیکیج کی منظوری دے دی، جس کے تحت سعودی عرب امریکا سے تقریباً 142 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ خریدے گا۔ اس معاہدے میں ایف-35 لڑاکا طیارے، تقریباً 300 ٹینک اور دیگر جدید فوجی سازوسامان شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کے درمیان سول نیوکلیئر معاہدے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک نے کریٹیکل منرلز فریم ورک پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد اہم معدنیات کی سپلائی چین کو محفوظ بنانا اور مستقبل میں ضروری وسائل کی کمی سے بچنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کی اسٹریٹجک پالیسیوں کو ہم آہنگ کرتا ہے اور امریکا کی سپلائی چین کو عالمی سطح پر مستحکم بنانے میں مدد دے گا۔
مزید برآں، امریکا اور سعودی عرب نے مصنوعی ذہانت کے تاریخی ایم او یو پر بھی دستخط کیے، جس کے تحت سعودی عرب کو امریکی اے آئی سسٹمز تک رسائی حاصل ہوگی۔
اسی دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکا میں سرمایہ کاری کو ایک کھرب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان بھی کیا، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔