جنوبی افریقہ نے بھارت کو تاریخ کی بدترین شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی
جنوبی افریقہ نے گوہاٹی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو بھاری مارجن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔ اس طرح پروٹیز نے 25 سال بعد بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے 549 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی، یوں مہمان ٹیم نے میچ 408 رنز سے جیت لیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 489 رنز بنائے تھے جن میں سینورن متھوسامی کے 109 اور مارکو یانسن کے 93 رنز شامل تھے۔
بھارت کی پہلی اننگز 201 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ فالو آن کے باوجود جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری رکھی اور 5 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔
سیریز کے پہلے میچ میں بھی جنوبی افریقہ نے بھارت کو 30 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل پروٹیز نے آخری بار 2000ء میں بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی تھی۔