یونانی کوسٹ گارڈ کا بروقت ریسکیو، پاکستان سمیت 540 تارکینِ وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا
ایتھنز – یونانی کوسٹ گارڈ نے گیودوس جزیرے کے قریب ایک بڑے ریسکیو آپریشن کے دوران ایک کشتی سے تقریباً 540 تارکینِ وطن کو بحفاظت نکال لیا، جو انسانی اسمگلروں کے ذریعے غیرقانونی طور پر یورپ منتقل کیے جا رہے تھے۔ حکام کے مطابق اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو کشتی آگے جا کر ڈوب سکتی تھی، جس سے ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا تھا۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق تارکینِ وطن کی کشتی گیودوس جزیرے سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں پائی گئی، جس کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو جزیرہ کریٹ میں قائم عارضی کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں طبی امداد، خوراک اور ابتدائی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق بچائے گئے تارکینِ وطن کی اکثریت کا تعلق بنگلادیش، مصر اور پاکستان سے ہے، جنہیں انسانی سمگلر خطرناک سمندری راستوں کے ذریعے یورپ پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں یورپ کی جانب غیرقانونی ہجرت کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ فرانس سے سمندری راستے کے ذریعے برطانیہ پہنچنے والے تارکینِ وطن کی آمد میں گزشتہ 28 دنوں سے تعطل بھی رپورٹ کیا گیا ہے۔ یونانی حکام نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔