اسرائیلی فوج کی لبنان میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، صیدون پر ڈرون حملہ، 3 افراد جاں بحق
بیروت: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے بعد لبنان میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جہاں جنوبی لبنان کے شہر صیدون میں ایک اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 لبنانی شہری جاں بحق ہو گئے۔
لبنانی ذرائع کے مطابق حملہ صیدون کے ایک رہائشی علاقے میں کیا گیا، جس سے جانی نقصان ہوا۔ اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی میں حزب اللہ کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔
لبنان میں مسلسل اسرائیلی حملوں پر علاقائی سطح پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے، جبکہ جنگ بندی کے باوجود سرحدی علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔