یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد — متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دارالحکومت اسلام آباد میں اماراتی صدر کے شایانِ شان استقبال کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
دورے کے دوران یو اے ای کے صدر پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یو اے ای کے صدر کے دورۂ پاکستان کے پیش نظر اسلام آباد میں آج عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس بھی آج بند رہیں گی۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق عدالتیں 26 دسمبر کو بند رہیں گی، جبکہ وفاقی آئینی عدالت نے بھی آج کی کاز لسٹ منسوخ کرتے ہوئے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ اسلام آباد کے ہسپتال، بینک، ضروری سروسز کے دفاتر، میٹروپولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے دفاتر، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔