امریکی ریاست نیوجرسی میں دو ہیلی کاپٹر ٹکرا گئے، ایک شخص ہلاک، ایک شدید زخمی
نیوجرسی — امریکی ریاست نیوجرسی میں دو ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ بیسن روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں فضاء میں موجود دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے فوراً بعد ایک ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
ہیمونٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شدید زخمی ہونے والے فرد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹروں میں پائلٹ کے علاوہ کوئی اور مسافر سوار نہیں تھا۔
واقعے کے بعد متعلقہ امریکی حکام اور ایوی ایشن اداروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر حادثے کی وجوہات کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم تکنیکی خرابی یا فضائی رابطے میں خلل کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔