پاکستانی جونیئر ٹینس کھلاڑی شایان آفریدی اور راشد علی نے امریکا میں ایل پاسو جونیئر اوپن ڈبلز ٹائٹل جیت لیا
اسلام آباد – پاکستان کے ابھرتے ہوئے جونیئر ٹینس کھلاڑی شایان آفریدی اور راشد علی نے امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ایل پاسو ٹینس کلب میں منعقدہ ایل پاسو جونیئر اوپن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اتوار کو جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق دونوں نوجوان کھلاڑی اس وقت امریکا میں موجود ہیں اور دسمبر کے دوسرے ہفتے میامی میں ہونے والی عالمی شہرت یافتہ جونیئر اورنج باؤل انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔ اورنج باؤل کے مین ڈرا میں شمولیت کو جونیئر ٹینس میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے ہیں۔
اورنج باؤل چیمپئن شپ کے اختتام کے بعد پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے بارڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے شایان آفریدی اور راشد علی کے لیے ٹیکساس میں ایک ماہ پر مشتمل تربیتی اور مقابلہ جاتی دورے کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام معروف اے ٹی پی سرٹیفائیڈ کوچ ایڈوارڈو ویسینکو لالووچ کی نگرانی میں جاری ہے۔
اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے شایان آفریدی نے گزشتہ ہفتے اسی مقام پر سنگلز کا ٹائٹل بھی جیتا، جبکہ بعد ازاں راشد علی کے ساتھ مل کر ڈبلز کا ٹائٹل حاصل کیا، جو دونوں کھلاڑیوں کی مسلسل بہتری، محنت اور بین الاقوامی سطح پر مسابقتی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔