پی ایس ایل سیزن 11 کے لیے دو نئی ٹیموں کی نیلامی آج ہوگی
اسلام آباد – پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے دو نئی ٹیموں کی نیلامی آج منعقد کی جائے گی، جس کے بعد لیگ میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔
پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی، جس کا باقاعدہ آغاز شام 4 بج کر 15 منٹ پر کیا جائے گا۔ اس اہم مرحلے کے لیے 10 کمپنیوں نے کوالیفائی کیا ہے، جو نئی فرنچائزز کے حصول میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کے مطابق پی ایس ایل میں توسیع کا مقصد لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت، کمرشل ویلیو اور شائقین کی تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھنا ہے۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے نہ صرف مزید کھلاڑیوں کو مواقع ملیں گے بلکہ لیگ کی مسابقت اور مالی دائرہ کار میں بھی اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 کے بعد لیگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی، جسے پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔