مسلم ممالک نے اسرائیلی وزیرِ خارجہ کے صومالی لینڈ کے دورے کی مذمت، صومالیہ سے مکمل یکجہتی کا اعلان

0

پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، ایران، قطر، عمان، مصر، لیبیا، یمن، انڈونیشیا اور صومالیہ سمیت 22 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیلی وزیرِ خارجہ کے متنازع صومالی لینڈ کے دورے پر سخت مذمت کرتے ہوئے صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ 6 جنوری 2026 کو اسرائیلی وزیرِ خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔

بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے یا اس حوالے سے کسی بھی قسم کے سفارتی اقدامات ناقابل قبول ہیں اور ایسے فیصلے خطے میں عدم استحکام اور کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ عالمی سطح پر تنقید کے باوجود اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیدون سار نے متنازع علاقے صومالی لینڈ کا دورہ کیا اور دارالحکومت ہرگیسہ میں خود ساختہ صدر عبدالرحمان اور دیگر سینئر حکام سے ملاقاتیں کیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق ان ملاقاتوں میں مستقبل میں سفارت خانے کھولنے اور سفیروں کی تعیناتی سمیت دوطرفہ سفارتی تعلقات کے قیام پر بھی بات چیت کی گئی، جسے مسلم ممالک نے صومالیہ کی وحدت کے خلاف ایک خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.