او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس آج ہوگا، پاکستانی وزیر خارجہ سعودیہ پہنچ گئے
ریاض – اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس آج ہوگا، جس کا مقصد اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے نام نہاد خطے "صومالی لینڈ” کو تسلیم کرنے کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینا ہے۔
اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ او آئی سی میں صومالی لینڈ کے معاملے پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ اجلاس کے دوران او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، جن میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ غیر معمولی اجلاس خطے میں سیاسی یکجہتی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے ضمن میں اہم فیصلہ سازی کا موقع فراہم کرے گا، اور او آئی سی کے مشترکہ موقف کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔