امریکہ کا ایران میں غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے امکان پر غور
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے امکانات پر بھی غور کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو ایران پر حملوں کے مختلف آپشنز پر بریفنگ دی جا چکی ہے، جس کے بعد ایران میں جاری مظاہروں کے تناظر میں تہران میں غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے امکان پر سنجیدہ غور شروع ہو گیا ہے۔
امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے تاحال ایران پر حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم وہ ایرانی حکومت کی جانب سے مظاہروں کو دبانے کے اقدامات کے ردعمل میں فوجی کارروائی کی اجازت دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
یہ رپورٹس ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب عالمی سطح پر امریکی خارجہ پالیسی، نیٹو اتحاد اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک بار پھر شدید غیر یقینی کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔