نئی دہلی/کابل – افغانستان میں طالبان حکومت نے 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد بھارت میں اپنا پہلا سینئر سفارتی نمائندہ تعینات کر دیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق نور احمد نور نے بھارت میں بطور ناظم الامور اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی وزارتِ خارجہ کے سینئر عہدیدار مفتی نور احمد نور حال ہی میں نئی دہلی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے افغان سفارتی مشن میں کام کا آغاز کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اکتوبر 2025 میں طالبان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے دورۂ بھارت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ بھارت میں افغان نمائندہ مقرر کیا جائے گا، جس کے بعد اس تعیناتی کو عملی شکل دی گئی۔
مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت طالبان حکومت اور بھارت کے درمیان محدود مگر بڑھتے ہوئے سفارتی رابطوں کی عکاسی کرتی ہے، تاہم نئی دہلی کی جانب سے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے سے متعلق اب تک کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔
