پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کا اداکاری متعلق دلچسپ انکشاف، مستقبل میں مختصر ڈراموں میں دلچسپی کا اظہار
کراچی – پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر سیاست دان شرمیلا فاروقی نے اپنے ایکٹنگ ڈیبیو اور اداکاری سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہونے کے دوران، شرمیلا فاروقی نے بتایا کہ ان کی اداکاری کا آغاز اسکول کے زمانے میں ہوا، جب ان کی عمر صرف 15 سال تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف اداکاری آزمانا چاہتی تھیں اور اسے اپنا پیشہ بنانے کا ارادہ نہیں تھا۔
شرمیلا فاروقی کے مطابق ان کے والد کی پی ٹی وی کے پروڈیوسر حیدر امام رضوی سے واقفیت کی وجہ سے انہیں ایک مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی، اور یہ پاکستان کی پہلی پرائیویٹ پروڈکشن تھی، جسے عبداللّٰہ کادوانی نے پروڈیوس کیا اور حیدر امام رضوی نے تحریر کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداکاری بہت وقت طلب ہوتی ہے اور اسکول کی تعلیم کے دوران وہ اتنا وقت نہیں دے سکتی تھیں، اسی لیے صرف ایک ڈرامہ کرنا کافی سمجھا۔
تاہم، شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اب وہ کسی سماجی مسئلے پر مختصر ڈرامے کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تاکہ عوامی آگاہی یا تعلیمی مقصد کے لیے اداکاری کو استعمال کیا جا سکے۔
یہ اعلان ان کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ مستقبل میں وہ اداکاری کے شعبے میں مختصر لیکن اثر انگیز کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔