امریکی ریاست ورجینیا میں پہلی مسلم خاتون غزالہ ہاشمی نے قرآنِ پاک پر نائب گورنر کا حلف اٹھا لیا
رچمنڈ (ورجینیا) – امریکا کی ریاست ورجینیا میں ایک تاریخی لمحہ اس وقت رقم ہوا جب غزالہ ہاشمی نے بطور نائب گورنر قرآنِ پاک پر حلف اٹھا کر نئی تاریخ قائم کر دی۔ وہ نہ صرف ورجینیا کی پہلی مسلم نائب گورنر بن گئی ہیں بلکہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بھی ہیں۔
اس تاریخی حلف برداری کی تقریب کو امریکا میں مذہبی، ثقافتی اور نسلی تنوع کی مضبوط علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی تقریب میں ریاست کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل بھی عبور کیا گیا، جہاں ایبی گیل اسپین برجر نے بطور پہلی خاتون گورنر حلف اٹھایا، جبکہ جے جونز نے بطور پہلے سیاہ فام اٹارنی جنرل ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
حلف برداری کے موقع پر انٹرفیتھ پریئر بریک فاسٹ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امام شریف نے خصوصی دعا کروائی، جس میں ریاست اور عوام کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی کی دعا کی گئی۔
سیاسی و سماجی شخصیات کی بھرپور شرکت
تقریب میں متعدد سیاسی، سماجی اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں:
-
سینیٹر صدام ازلان سلیم
-
سینیٹر کنعان
-
جنوبی ایشیائی، مسلم اور ایشین امریکن کمیونٹی کے نمائندے
نمایاں طور پر موجود تھے۔
اس موقع پر ایڈمز اسکاؤٹنگ امریکا اور گرلز اسکاؤٹس کی جانب سے ایک خصوصی پریڈ بھی نکالی گئی، جس کی قیادت رضوان جاکا، احسن اللہ، بیتھنی رشید اور دیگر نوجوان رہنماؤں نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضوان جاکا نے کہا کہ “ہم امید کرتے ہیں کہ ورجینیا میں اتحاد، شمولیت اور تنوع کو مزید فروغ ملے گا اور نئی قیادت تمام کمیونٹیز کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گی۔”
گورنر کے ایشین امریکن ایڈوائزری بورڈ کے چیئر منصور قریشی نے اس موقع پر کہا کہ نئی ریاستی قیادت “بلاامتیاز تمام شہریوں کی خدمت کرے گی، خصوصاً جنوبی ایشیائی اور اقلیتی کمیونٹیز کو فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی دی جائے گی۔”
تاریخی پیش رفت
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ تقریب امریکا میں بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے کی عکاس ہے، جہاں اقلیتوں، خواتین اور مختلف مذہبی پس منظر رکھنے والی قیادت کو مرکزی دھارے میں اہم ذمہ داریاں مل رہی ہیں۔
غزالہ ہاشمی کی حلف برداری کو نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ امریکا بھر میں شمولیتی جمہوریت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔