ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا ہمسایہ خلیجی ممالک کے لیے پیغام: ایران کی کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں
تہران – ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خلیجی ہمسایہ ممالک کے نام ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران کے پاس اپنے دفاع کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پزشکیان نے اپنے آفیسرل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بیان میں مزید کہا کہ ایران نے ہر ممکن کوشش کی کہ جنگ سے بچا جا سکے، لیکن امریکا اور اسرائیل کے حملوں نے دفاعی اقدامات کے بغیر کوئی اختیار باقی نہیں چھوڑا۔
صدر نے واضح کیا کہ ایران اپنے پڑوسیوں کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے، تاہم خطے میں موجود امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانا ناگزیر ہوگیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کی کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں اور خطے میں امن اور استحکام صرف علاقائی ریاستوں کی اجتماعی کوششوں سے ممکن ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کر کے آیت اللہ خامنہ ای، ان کے اہل خانہ اور اہم دفاعی شخصیات کو ہلاک کیا تھا، جس کے بعد ایران نے اپنے پڑوسی عرب ممالک بشمول متحدہ عرب امارات، قطر اور عمان میں امریکی فوجی اڈوں اور شہری و توانائی کے بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا۔ پینٹاگون کے مطابق ایرانی حملوں میں خلیجی امریکی اڈوں پر کم از کم 4 فوجی ہلاک ہوئے۔
خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور امریکا یا اسرائیل کی جانب سے صدر کے تازہ بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔