اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کےلیے شفاء اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مرکزی فریق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل بینچ نے کیس سے متعلق تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کر لی کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ فوجداری کیس میں اب تک کتنی سزا کاٹ چکے ہیں۔
تحریری حکم کے مطابق عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر لگائے گئے اعتراضات میں سے تین کو دور جبکہ دو اعتراضات کو برقرار رکھا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے برقرار رہنے والے دو اعتراضات پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ متفرق درخواست کو نمبر لگا کر مرکزی اپیل کے ساتھ مقرر کیا جائے۔ ساتھ ہی رجسٹرار آفس کو حکم دیا گیا ہے کہ اپیلوں کی پیپر بُک آئندہ سماعت دس مارچ سے پہلے تیار کی جائے۔