غذر میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ نسلوں پر محیط تعلق ہے اور غذر کے عوام اور پیپلز پارٹی کا رشتہ بہت پرانا ہے، اس بار کوئی ان سے نشست نہیں چھین سکے گا اور غذر کی تینوں نشستیں پیپلز پارٹی جیتے گی۔
بلاول بھٹو نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں گلگت بلتستان میں بھاری اکثریت دلوائی جائے تاکہ وہ حقِ ملکیت، حقِ حاکمیت اور دیگر آئینی حقوق کے حصول کو یقینی بنا سکیں، صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی، جبکہ اب نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کو آگے بڑھائے ۔
بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی کرے گی، آئینی تحفظ کو یقینی بنائے گی اور گلگت بلتستان کے مطالبات کو وفاقی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھائے گی، اگر پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ نہ ملا تو دیگر جماعتیں ان کی مجوزہ قانون سازی کو روک سکتی ہیں۔
انہوں نے روزگار، ہاؤسنگ اور سماجی بہبود کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی ہاؤسنگ منصوبے شروع کیے جائیں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، ان کے مطابق پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے عوام کو روزگار فراہم کیا، جبکہ دیگر جماعتوں نے لوگوں کو بے روزگار کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کو پارٹی کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں گلگت بلتستان کے لیے اس پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی مدد کی جا سکے۔
صحت کے شعبے سے متعلق انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بننے کے بعد گلگت بلتستان میں جدید اسپتال قائم کیے جائیں گے اور عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ علاج کے لیے دور دراز شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں پن بجلی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بجلی گھر قائم کرکے خطے کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنایا جا سکتا ہے، گلگت بلتستان وفاقی مدد کے بغیر بھی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ترقی کر سکتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو نے عوام سے 7 جون کو پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان "تیر” پر مہر لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ووٹ گلگت بلتستان کے حقوق، ترقی اور روشن مستقبل کے لیے ہوگا۔
