وزیر اعظم شہباز شریف سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی ملاقات ہوئی جس میں تجارت و سرمایہ کاری کو دوبارہ فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پاکستان کے تاریخی دورے پر آئی کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کینیڈا سے کینولا کی درآمدی پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا بھی مشاہدہ کیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات ہوئی، مشترکا اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، عوامی روابط اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کینیڈا نے خطے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں کردار کو سراہتے ہوئے جنگ بندی اور مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کی حمایت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے فارن انویسٹمنٹ پروٹیکشن اینڈ پروموشن معاہدے پر مذاکرات جلد مکمل کرنے اور پاک، کینیڈا مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو دوبارہ فعال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں صاف توانائی، کان کنی، زراعت، بنیادی ڈھانچے، جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا بھی اعلان کیا گیا، کینیڈا نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لیے اقوام متحدہ، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ذریعے تعاون جاری رکھنے جبکہ تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں کے لیے ترقیاتی معاونت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا جبکہ دونوں ممالک نے افغانستان کی صورتحال، دہشت گردی، علاقائی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس کے علاوہ کینیڈین وزیر خارجہ کی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئے اشتراک پر بات چیت ہوئی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انیتا آنند کی ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا۔
