ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کو مکہ معاہدے میں شمولیت کی باضابطہ دعوت نہیں ملی۔ انہوں نے پاکستان کی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ تہران میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پاک ایران تعلقات اس وقت بہترین سطح پر ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کے دوران دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی امور پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اہم قرار دیا۔ ایرانی ترجمان نے واضح کیا کہ عمان کے وزیر خارجہ کا دورہ تہران پاکستانی فیلڈ مارشل کے دورے سے منسلک نہیں ہے۔ عمانی وزیر خارجہ سید بدر البوسعیدی ایران کے دورے میں آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر بات کریں گے۔
اسماعیل بقائی نے امریکی اقتصادی دباؤ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکی پابندیوں کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق امریکی اقتصادی پابندیاں غیر قانونی ہیں۔ ایران ان پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے اتحادیوں کی مدد حاصل کرے گا۔
