دمشق کی فوجداری عدالت نے شام کے سابق مفتی اعظم احمد حسون کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے انہیں تشدد پر اکسانے، قتل کو جواز فراہم کرنے اور اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے کے الزامات میں مجرم قرار دیا۔ احمد حسون بشار الاسد کی حکومت کے دوران شام کے مفتی اعظم کے منصب پر فائز رہے۔ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت 25 جون کو شروع ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمے کی سماعت فوجداری عدالت کے چھٹے سیشن میں ہوئی۔ سیشن کی صدارت جج فخرالدین العریان نے کی۔ عدالت نے احمد حسون کو سرکاری منصب کا غلط استعمال کرنے کا بھی مجرم قرار دیا۔ ان پر سابق صدر بشار الاسد اور جنرل انٹیلی جنس کے سابق سربراہ علی مملوک سمیت اعلیٰ حکام سے غیر معمولی روابط رکھنے کا الزام بھی تھا۔ حسون پر فرقہ وارانہ ملیشیاؤں کے رہنماؤں سے بھی سرکاری دائرہ کار سے باہر تعلقات رکھنے کا الزام عائد کیا گیا۔
