لاہور میںسموگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبا کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبا کے لیے ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے اور اسموگ سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد کرایا جائے۔
اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اسکولوں کو طلبا کو زیادہ پانی پینے کی ترغیب دینے اور اسموگ سے بچاؤ اور فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اسموگ کے باعث اسکولوں کی چھٹیوں سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔

