قومی بچت مرکز (نیشنل سیونگز) کی جانب سے قلیل مدتی سرمایہ کاری کے خواہشمند پاکستانی شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس اسکیم دستیاب ہے، جس میں 3 ماہ، 6 ماہ اور 1 سال کی مدت کے لیے سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔
اسکیم کے تازہ ترین منافع کی شرح کی تفصیلات سامنے آگئیں ، جس کے تحت 3 ماہ کے سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع کی شرح 11.12 فیصد مقرر ہے، جس کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر تقریباً 2,780 روپے منافع حاصل ہوتا ہے۔
6 ماہ کے سرٹیفکیٹ میں سالانہ شرح 11.50 فیصد ہے، جس پر ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کے بدلے 5,750 روپے منافع ملتا ہے۔
ایک سال کے سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع کی شرح 11.72 فیصد ہے، جس کے تحت ایک لاکھ روپے پر 11,720 روپے سالانہ منافع حاصل ہوتا ہے۔
تمام پاکستانی شہری اور اوورسیز پاکستانی انفرادی طور پر، نابالغ افراد کے نام پر یا مشترکہ اکاؤنٹ کے ذریعے یہ سرٹیفکیٹس خرید سکتے ہیں۔
کسی بھی قومی بچت مرکز سے مفت دستیاب درخواست فارم (SC-1) پُر کر کے یہ سرٹیفکیٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں، جنہیں بطور ضمانت بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سرمایہ کاری کی مالیت اور حد: یہ سرٹیفکیٹس 10 ہزار، 50 ہزار، 1 لاکھ، 5 لاکھ، 10 لاکھ، 50 لاکھ اور 1 کروڑ روپے کی مالیت میں دستیاب ہیں۔
سرمایہ کاری کی کم از کم حد 10 ہزار روپے ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد مقرر نہیں ہے۔
تاہم شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس میں کی جانے والی سرمایہ کاری زکوٰۃ کی کٹوتی سے مستثنیٰ ہے۔

