ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے ازبکستان کےوزیر دفاع اور نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس سے ملاقات کی جس دوران علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس وقت ازبکستان کے اہم دورے پر ہیں ، ملاقات میں ازبک وزیردفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اورجنگی صلاحیتوں کی تعریف کی جبکہ پاکستان اورازبکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی ۔
ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں اور پیشہ وارانہ تبادلوں کے ذریعے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں ممالک نے آپریشنل تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئرچیف نے پاکستان اور ازبکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، دونوں ممالک نے مہارت اور صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

