سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گرد تنظیم "فتنہ الہندوستان” (FAH) کے ایک خودکش بمبار سمیت آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ اور ڈرون حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 13 نومبر 2026 سے مسلح افواج کی جانب سے بلوچستان میں کولپور اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں جن میں کوئٹہ تا تفتان قومی شاہراہ پر علاقے کا کنٹرول برقرار رکھنا اور گشت کرنا شامل ہے تاکہ مقامی ٹریفک کا تحفظ اور آپریشنز کا تسلسل یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 14 نومبر 2026 کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز (ڈرونز) کے ذریعے نشانہ بنایا۔ اس حملے کے نتیجے میں ضلع چکوال کے رہائشی میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی اس بزدلانہ کارروائی سے سیکیورٹی فورسز کے عزم میں کوئی لغزش نہیں آئی۔ مقامی آبادی کے تحفظ اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز کی رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

