ریاض – سعودی عرب کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر نے زندہ عطیہ دہندگان سے حاصل کردہ جگر کی کامیاب روبوٹک پیوند کاری کی۔ یہ آپریشن دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا تھا، جس میں مریض کے لیے دو زندہ رشتہ داروں سے جگر کے بائیں جانب کے دو حصے (lobes) حاصل کیے گئے تاکہ مریض اور عطیہ دہندگان دونوں کے لیے محفوظ حجم یقینی بنایا جا سکے۔
ہسپتال کے مطابق، یہ آپریشن مکمل طور پر روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے کیا گیا، جس میں عطیہ دہندگان سے جگر نکالنے اور مریض میں منتقلی کے مراحل شامل تھے۔ نتائج مثبت رہے اور نہ مریض نہ عطیہ دہندگان میں کوئی پیچیدگی سامنے آئی۔ دونوں عطیہ دہندگان سرجری کے تیسرے دن ہی ہسپتال سے فارغ کر دیے گئے، جبکہ مریض سات دن بعد آئی سی یو سے وارڈ منتقل کر کے مزید نگہداشت میں رکھا گیا۔
ہسپتال کے آرگن ٹرانسپلانٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈیٹر برورنگ نے کہا کہ یہ کامیاب آپریشن روبوٹک سرجری کے استعمال میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے محفوظ علاج فراہم کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقصد سرجری کی سلامتی، صحت یابی کے عمل کی رفتار اور طویل مدت میں معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے، جبکہ عطیہ دہندگان کی حفاظت ہر مرحلے میں یقینی بنائی جاتی ہے۔
کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کو "برانڈ فنانس” 2024 میں مشرق وسطیٰ و افریقہ میں پہلے اور دنیا کے 250 بہترین تعلیمی طبی اداروں میں 15ویں نمبر پر رکھا گیا۔ اسے سعودی عرب کا سب سے قیمتی ہیلتھ کیئر برانڈ بھی قرار دیا گیا ہے اور "نیوز ویک” میگزین کی فہرستوں میں 2025 و 2026 کے بہترین ہسپتالوں، سمارٹ ہسپتالوں اور اسپیشلٹی ہسپتالوں میں شامل کیا گیا ہے۔
