دنیا بھر میں مقیم اسرائیلیوں کے لیے ہائی الرٹ: قومی سلامتی کونسل کی نئی ہدایات جاری

Israel's National Security Council

اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں دنیا بھر میں مقیم اسرائیلی شہریوں کو فوری طور پر سیکیورٹی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں بیرون ملک اسرائیلی اور یہودی اہداف کو نشانہ بنائے جانے کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔

کونسل کے بیان کے مطابق ایران کے ساتھ ممکنہ محاذ آرائی نہ صرف ریاستی سطح پر بلکہ غیر ریاستی عناصر اور تنہا حملہ آوروں کی جانب سے بھی حملوں کی ترغیب دے سکتی ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر اسرائیلی مفادات اور افراد کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہری سوشل میڈیا پر اپنی لوکیشن یا سفری منصوبوں کی فوری تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کریں، غیر محفوظ عوامی اجتماعات میں شرکت نہ کریں اور ایسے مقامات سے دور رہیں جہاں اسرائیل یا یہودیت سے وابستگی واضح طور پر ظاہر ہوتی ہو۔ مزید برآں، مشتبہ سرگرمیوں کی صورت میں فوری طور پر مقامی سیکیورٹی اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

قومی سلامتی کونسل نے خاص طور پر ان علاقوں میں محتاط رہنے پر زور دیا ہے جہاں اسرائیلیوں یا یہودیوں کے خلاف ماضی میں دشمنی یا حملوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں، اور شہریوں کو اپنے اردگرد کے ماحول پر مسلسل نظر رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔

یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس کے عالمی سیکیورٹی اثرات کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے