امریکا کے سابق اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے پولیٹیکل و ملٹری امور مارک کمٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتماد حاصل ہے اور وہ خطے میں اہم سفارتی کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں مارک کمٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف خطے میں ایک اہم اسٹریٹجک کھلاڑی ہے بلکہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع میں مؤثر ثالثی کا کردار بھی ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے ایسے حساس معاملات میں کامیاب سفارتکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے جب بھی ثالثی کی ذمہ داری سنبھالی، اسے نہایت مؤثر اور متوازن انداز میں نبھایا، جس سے عالمی سطح پر اس کی ساکھ میں اضافہ ہوا۔
سابق امریکی عہدیدار کے مطابق حالیہ علاقائی کشیدگی سے قبل ہی عاصم منیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ایک خاص نوعیت کی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد موجود تھا، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مارک کمٹ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اور عاصم منیر کے درمیان یہ قریبی روابط پاکستان اور امریکا دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطہ پیچیدہ سفارتی چیلنجز سے دوچار ہے۔
