12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخواسمیت دیگرعلاقوں کا موسمیاتی الرٹ جاری

ترجمان این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں کیلئے موسمیاتی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق اس دوران ملک کے مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جبکہ بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔

الرٹ کے مطابق ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس اور استور میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ اسی طرح شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شمشال ویلی، عطاآباد جھیل اور کریم آباد کے درمیان رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیا ہے، جبکہ گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں بھی خطرے سے دوچار قرار دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق شگر روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی اہم شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ۔اسکردو روڈ شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے مختلف مقامات پر سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے